کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 24ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی 6 میچ کھیلنے کے باوجود فتح کے بغیر ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے درست ثابت ہوا۔
راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 121 رنز ہی بنا سکی۔ سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
محمد علی اور حنین شاہ نے تین تین جبکہ آصف محمود اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
حیدرآباد نے 122 رنز کا آسان ہدف 17 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ٹیم کی جیت میں کپتان مارنس لیبوشگن، کوشل پریرا اور عرفان خان نیازی نے اہم کردار ادا کیا۔
راولپنڈی کی جانب سے آصف آفریدی نے دو جبکہ بین سیئرز، محمد عامر اور سعد مسعود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل 11 میں آج پنک ڈے منایا جا رہا ہے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے پنک کیپس اور پنک ربن پہن رکھے ہیں۔
کمنٹیٹرز اور پریزنٹرز بھی گلابی شرٹس پہن کر بریسٹ کینسر آگاہی مہم کا حصہ بنے۔
پاکستان سپر لیگ میں آج دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 23ویں میچ میں بھی ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں:خاور مانیکا تشدد کیس،عدالتی کارروائی کی مکمل تفصیلات





