Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئےخوشخبری

لاہور: (اوصاف نیوز) پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی گئی، اب پنجاب میں ’’لرنر اور ریگولر‘‘ ڈرائیونگ لائسنس ایک ہی دن مل سکے گا۔

ٹریفک پولیس پنجاب نے شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنسنگ کے عمل میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے، نئی پالیسی کے تحت موٹر سائیکل سوار اب ایک ہی دن میں اپنا لرنر پرمٹ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد لائسنس کے حصول میں ہونے والی تاخیر کا خاتمہ اور شہریوں کو قانونی ڈرائیونگ کی طرف راغب کرنا ہے۔

ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں رواں برس اب تک 23 لاکھ 54 ہزار موٹر سائیکل لائسنس کا اجراء ہو چکا ہے جبکہ جاری کردہ لائسنسوں میں سے 10 لاکھ سے زائد تعداد ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق 6 لاکھ 71 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لائسنسوں کی تجدید کروائی، جبکہ 7 لاکھ 10 ہزار افراد لرنر سروسز سے مستفید ہوئے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے لرنر لائسنس کے بعد ریگولر لائسنس کے حصول کے لیے صارفین کو طویل انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن اب اس عمل کو اسٹریم لائن کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بغیر کسی انتظار کے لائسنس فراہم کیا جائے۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے بتایا کہ سڑکوں پر ہونے والے حادثات کی ایک بڑی وجہ بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل چلانا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، شہریوں کو چاہیے کہ وہ بھاری جرمانے اور قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنا لائسنس بنوائیں۔

دوسری جانب صوبہ بھر میں حادثات کی روک تھام کیلئے ڈی آئی جی ٹریفک نے سخت احکامات جاری کردیے ،تمام ضلعی افسران کو ڈی آئی جی ٹریفک نے مراسلہ جاری کردیا۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، بغیر لائسنس حادثات میں ملوث ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج کئے جائیں، جن علاقوں میں بار بار حادثات ہو رہے ہیں وہاں اضافی نفری تعینات کی جائے، ون وے کی خلاف ورزی پر گاڑیاں بند اور چالان کئے جائیں۔

مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے اورسیٹ بلٹ نہ لگانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، دوران سفر موبائل استعمال کرنیوالوں کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، لائن لین کی پابندی کروائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:بھارت کو روسی تیل خریدنے پر ملنے والی رعایت ختم

یہ بھی پڑھیں