گجرات (نیوز ڈیسک) پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمندافراد ہوشیار ! جعلسازوں کا نیٹ ورک سرگرم ہے اور شہریوں کو دھوکہ دے کر رقم بٹورنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے گجرات میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات بنانے والے نیٹ ورک کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے درجنوں ممالک کے جعلی پاسپورٹ، ویزا سٹیکرز اور تیاری میں استعمال ہونے والا بھاری سامان برآمد کر لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی گجرات کے علاقے ضیاء الاسلام میں کی گئی، جہاں سے ملزم نصیر احمد کو حراست میں لے لیا گیا۔
. ملزمان کے قبضے سے برطانیہ، کینیڈا، اسپین اور بیلجیئم سمیت متعدد ممالک کے پاسپورٹ جبکہ امریکا، برطانیہ، جاپان، ترکی اور میکسیکو کے جعلی ویزا اسٹیکرز کے علاوہ پاسپورٹ لیمینیشن مشین، کٹر، ڈرل مشین، کنی گرام اسٹیکرز، پاسپورٹ کا سامان، جعلی شناختی کارڈ اور تعلیمی سرٹیفکیٹ برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نصیر احمد گزشتہ 7 سے 8 سال سے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث ہے اور شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورتا تھا۔
حکام نے انکشاف کیا ہے کہ قوی شبہ ہے کہ اس وسیع نیٹ ورک میں کئی سرکاری اداروں کے اہلکار بھی ملوث ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس مذموم کاروبار میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور سرکاری ملازمین کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور جلد مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں:بھارت: اربوں روپے کے ریفائنری منصوبے میں افتتاح سے قبل آگ لگ گئی، مودی کا دورہ ملتوی

