Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

متحدہ عرب امارات میں تازہ کارروائی،اثرات اور تفصیلات

ابوظہبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی اسٹیٹ سیکیورٹی ایجنسی نے ملک میں سرگرم ایران سے وابستہ ایک مبینہ دہشت گرد گروپ کو بے نقاب کرنے اور اس کے متعدد ارکان کو گرفتار کرنے کے لیے ایک بڑی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ یہ آپریشن قومی سلامتی کے تحفظ اور اندرونی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ گرفتار افراد پر ملک کے اندر تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے اور ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کا الزام ہے۔ یہ گروہ نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرون ملک بھی خفیہ میٹنگیں کر رہا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ گروہ نوجوان شہریوں کو گمراہ کن نظریات کے ذریعے مائل کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ انہیں بیرونی مفادات کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ یہ سرگرمیاں ملک کے سماجی ڈھانچے اور استحکام کے لیے خطرہ بن رہی تھیں۔

ریاستی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تنظیم غیر قانونی ذرائع سے رقوم اکٹھی کر رہی تھی اور یہ رقوم مشتبہ غیر ملکی عناصر کو منتقل کر رہی تھی اور یہ تنظیم ملک کی خارجہ پالیسی اور داخلی اقدامات کے خلاف منفی پروپیگنڈا بھی کر رہی تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان پر خفیہ تنظیم کے قیام، اس کی سرگرمیاں چلانے، غیر ملکی عناصر سے روابط رکھنے اور قومی اتحاد اور امن کو نقصان پہنچانے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ تنظیم کے نظریاتی روابط ایران کے ولایت فقیہ کے نظام سے جڑے ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق یہ گروہ خفیہ بھرتیوں اور حساس مقامات تک رسائی کے لیے مربوط منصوبہ بندی پر بھی کام کر رہا تھا جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔ تمام ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایک علیحدہ نیٹ ورک بھی بے نقاب ہوا تھا جس کے مبینہ طور پر حزب اللہ اور ایران سے روابط تھے اور اس پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں‌:وزیر اعظم شہباز شریف کا سوٹ عالمی توجہ کا مرکز کیوں بنا؟

یہ بھی پڑھیں