Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

وزیر اعظم شہباز شریف کا سوٹ عالمی توجہ کا مرکز کیوں بنا؟

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں وزیرِاعظم شہباز شریف(shahbaz sharif) کے حالیہ غیر ملکی دورے جہاں سفارتی لحاظ سے اہم قرار دیے جا رہے ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر ایک غیر متوقع پہلو بھی زیرِ بحث آ گیا ہے، اور وہ ہے ان کا اندازِ لباس۔

15 سے 18 اپریل کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا چار روزہ دورہ کیا، جس میں انہوں نے اہم علاقائی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان شامل تھے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا جب پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکہ و ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔


تاہم ان اہم ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ وزیرِاعظم کی شخصیت کے ایک اور پہلو یعنی ان کے نفیس اور سلیقے سے تیار کردہ ملبوسات پر بھی مرکوز رہی۔ جدہ، دوحہ اور انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی تصاویر جیسے ہی سامنے آئیں، صارفین نے نہ صرف ان کے لباس کو نوٹس کیا بلکہ اس پر بھرپور تبصرے بھی کیے۔


وزیرِاعظم کا مغربی طرز کا لباس، خاص طور پر بہترین فٹنگ والے سوٹس، سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئے۔ کئی صارفین نے ان کے اسٹائل کو پروفیشنل اور باوقار قرار دیا، جبکہ کچھ نے مزاحیہ انداز میں ان کے درزی تک رسائی مانگ لی۔

مزیدپڑھیں:ایران امریکا مذاکرات، ریڈ زون میں شہریوں کا داخلہ اور دفاتر بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری

یہ بحث اس وقت مزید دلچسپ ہو گئی جب نیو یارک ٹائمز سے وابستہ لکھاری ڈیرک گائے نے عالمی رہنماؤں کے لباس پر تبصرہ کرتے ہوئے شہباز شریف کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اکثر غیر مغربی ممالک کے رہنما مغربی طرز کے ملبوسات میں زیادہ نمایاں نظر آتے ہیں، اور اس تناظر میں پاکستانی وزیرِاعظم کا انداز بھی قابلِ توجہ ہے۔


سوشل میڈیا پر مختلف صارفین نے اپنے اپنے انداز میں ردِعمل دیا۔ کسی نے کہا کہ ایسے سوٹس تیار کرنے والے درزی کو انعام ملنا چاہیے، تو کسی نے وزیرِاعظم کے اسٹائل کو فیشن کی اعلیٰ مثال قرار دیا۔ ایک صارف نے یہاں تک لکھا کہ سفارتی محاذ کے ساتھ ساتھ وہ فیشن کے میدان میں بھی سبقت لے جا رہے ہیں۔


یہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ آج کے دور میں سیاسی شخصیات نہ صرف اپنے بیانات اور پالیسیوں بلکہ اپنی شخصیت، انداز اور پیشکش کے ذریعے بھی عوامی توجہ حاصل کرتی ہیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ جہاں سفارتی لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے، وہیں ان کا اندازِ لباس بھی ایک الگ شناخت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں