اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نالے میں نہاتے ہوئے دو کمسن بچے ڈوب گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک بچے کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم دوسرا بچہ جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ مقامی افراد نے بھی امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا، جس کے نتیجے میں ایک بچے کو زندہ نکال لیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بچے نالے میں نہا رہے تھے کہ اچانک پانی کی گہرائی اور تیز بہاؤ کے باعث حادثہ پیش آیا۔
واقعے کے بعد دونوں بچوں کے والدین پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے کھلے نالوں کے اطراف مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں:ناقابل یقین،فخر زمان نے پی ایس ایل میں نیا ریکارڈ بنا دیا

