Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

ٹریفک جرمانوں میں کمی، پنجاب اسمبلی سے بل منظور

لاہور(اوصاف نیوز) پنجاب اسمبلی میں ٹریفک جرمانوں میں کمی کی ترامیم سے متعلق بل ایوان سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، ترامیم کی حتمی توثیق گورنر پنجاب کریں گے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ٹریفک جرمانوں میں کمی سے متعلق ترامیم پر مشتمل بل ایوان میں پیش کیا گیا جو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

قائمہ کمیٹی داخلہ سے چالانوں میں کمی سے متعلق یکم اپریل کو منظور ہونے والی ترامیم ایوان سے بھی منظور کر لی گئیں، صوبائی موٹر وہیکل(چوتھی ترمیم) 2025 آرڈیننس بھی پنجاب اسمبلی سے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔

بل کے متن کے مطابق موٹر سائیکل کے چند چالان 2 ہزار روپے سے کم کر کے ایک ہزار روپے ہوں گے، موٹر سائیکل کا زیادہ سے زیادہ چالان اب 2 ہزار روپے کا ہو گا، رکشے کا چالان چند خلاف ورزیوں پر 3 سے ایک ہزار روپے کر دیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔

ایوان میں پیش کیے گئے بل کے مطابق کار اور جیپ کا چالان چند خلاف ورزیوں پر 5 ہزار سے کم کر کے 2 ہزار روپے کر دیا گیا جبکہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر گاڑیوں کا 5 ہزار جرمانہ برقرار رہے گا، موٹر سائیکل، رکشے اور کار میں اوور سپیڈنگ کے جرمانوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔

اسی طرح 2 ہزار سی سی اور دیگر لگژری وہیکلز کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا گیا، 2 ہزار سی سی وہیکلز کا کم سے کم جرمانہ 2 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار روپے ہو گا، مزدا، کوسٹرز، چھوٹی مسافر وین لائیٹ وہیکلز کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے کر دیا گیا۔

متن کے مطابق ٹرک ،بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلز کا زیادہ سے زیادہ جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک جرمانوں میں کمی سے متعلق ترامیم کی حتمی توثیق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کریں گے۔
مزید پڑھیں :یورینیئم افزودگی کیا ہے؟ ایران کتنی جلد ی ایٹم بم بنا سکتا ہے!اور امریکا اسے کیوں حاصل کرنا چاہتا ہے؟ اہم انکشاف

یہ بھی پڑھیں