Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

ڈرائیونگ لائسنس کا طریقہ کار آسان،شہریوں کیلئے خوشخبری

پشاور (اوصاف نیوز)جدید ترین سہولیات سے آراستہ اور مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح کر دیا گیا، جس کے بعد شہریوں کو قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پشاور میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ اور مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح کر دیا۔

یہ منصوبہ “ون ونڈو آپریشن” کے تحت شہریوں کو تمام خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

ٹریفک لائنز گلبہار آمد پر سٹی ٹریفک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی، انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی۔

چیف ٹریفک آفیسر زاہد اللہ نے آئی جی پی کو نئے ڈیجیٹل نظام اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پی نے برانچ کے مختلف شعبوں اور کاؤنٹرز کا معائنہ کیا جہاں شہریوں کو نئے لائسنس کے حصول، تجدید اور دیگر متعلقہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ لائسنس کی فراہمی کے عمل کو آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانا خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ترجیح ہے، ہمارا مشن قانون کی پاسداری کرنے والے ذمہ دار ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی کرنا اور سڑکوں پر سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے انسانی مداخلت کم ہوگی اور شہریوں کو قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس ڈیجیٹلائزڈ برانچ کے قیام سے پشاور کے شہریوں کو اب لائسنس سے متعلق تمام مراحل (ٹیسٹ، فیس کی ادائیگی اور تصویر وغیرہ) کے لیے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ تمام مراحل ایک ہی عمارت میں مکمل ہوں گے۔
مزید پڑھیں:ٹک ٹاکر کاشف ضمیرسی ٹی ڈی کے ساتھ ہاتھ کر گیا ،بڑے فراڈ کا مقدمہ درج

یہ بھی پڑھیں