Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

اسلام آباد: 2 مرد، 1 عورت، 1 بچے کی لاشیں برآمد، سر میں گولیاں ماری گئیں

اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ نون کی حدود میں چار افراد کی لاشیں ملنے کے ہولناک واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ اہلِ علاقہ شدید صدمے میں مبتلا ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں دو مرد، ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چاروں افراد کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا، جس سے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولین میں حبیب الرحمٰن نامی شخص بھی شامل ہے جو بطور سیکیورٹی گارڈ فرائض انجام دے رہا تھا اور اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیگر جاں بحق افراد بھی اسی کے اہلِ خانہ ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تصدیق جاری ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد جمع کر لیے ہیں جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اطلاع دینے والے سیکیورٹی گارڈ اور اہلِ محلہ کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل ریکارڈ اور مقتولین کے تعلقات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان تک جلد از جلد پہنچا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت انتہائی سنگین ہے اور جلد حقائق سامنے لانے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:شدید گرمی میں قدرتی ٹھنڈک کا حل: خس کے پردے ایک بار پھر مقبول

یہ بھی پڑھیں