لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے بعد شائقین کرکٹ میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فائنل میچ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج 26 اپریل سے شروع ہو گئی ہے جبکہ فزیکل ٹکٹ 28 اپریل سے دستیاب ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق شائقین کی سہولت کے لیے ملک بھر میں کورئیر کمپنی کے 18 مختلف پوائنٹس پر ٹکٹوں کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عوام آسانی سے ٹکٹ حاصل کر سکیں۔
حکام نے بتایا کہ فائنل میچ کے دن یعنی 3 مئی کو شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شام ساڑھے 6 بجے تک اسٹیڈیم میں اپنی نشستوں پر پہنچ جائیں تاکہ سیکیورٹی اور انتظامی امور کو بہتر انداز میں مکمل کیا جاسکے۔
مختلف انکلوژرز کے لیے ٹکٹ کی قیمتیں 1500 روپے سے 12000 روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔ پی سی بی کے مطابق قیمتوں کا تعین شائقین کی سہولت اور اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کے مطابق کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ شائقین کو محفوظ اور شاندار ماحول فراہم کرنے کے لیے فائنل میچ کے لیے سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
شائقین کرکٹ نے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فائنل میچ دیکھنے کے لیے بڑے جوش و خروش سے اسٹیڈیم پہنچیں گے، جہاں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گے۔
مزید پڑھیں:ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے سنہری موقع، مکمل تفصیلات

