Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے سنہری موقع، مکمل تفصیلات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے لائسنسنگ کے عمل کو مکمل طور پر پیپر لیس سسٹم میں تبدیل کر دیا ہے۔

اس نئے سسٹم کا باقاعدہ افتتاح آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے پیپر لیس کاؤنٹرز کا تفصیلی جائزہ لیا اور نئے ڈیجیٹل سسٹم کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ یہ قدم شہریوں کی سہولت اور ان کے قیمتی وقت کی بچت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

ان کے مطابق پہلے لائسنس کے حصول کے لیے شہریوں کو متعدد دستاویزات، میڈیکل فارم، تصاویر اور فوٹو کاپیاں فراہم کرنا پڑتی تھیں لیکن اب یہ سلسلہ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت شہریوں کو اب کسی اضافی دستاویزات یا فوٹو کاپی کی ضرورت نہیں رہے گی، لائسنسنگ کا پورا عمل ڈیجیٹل طور پر مکمل کیا جائے گا، میڈیکل سے لے کر لائسنس کے اجراء تک تمام مراحل کو پیپر لیس کر دیا گیا ہے۔

آئی جی پی اسلام آباد نے چیف ٹریفک آفیسر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس اہم منصوبے کو کم وقت میں مکمل کیا جو کہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی لائسنس فیس کے نظام کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اب شہری محض شناختی کارڈ لے کر باآسانی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے جو کہ جدید نظام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
مزید پڑھیں‌:ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ، بارش کا کوئی امکان نہیں: محکمہ موسمیات

یہ بھی پڑھیں