محکمہ موسمیات (Pakistan Meteorological Department) نے ملک بھر میں موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ بارش کی کوئی واضح پیشگوئی نہیں کی گئی۔
لاہور(Lahore) میں صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران یہ بڑھ کر 42 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 35 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد( Islamabad)میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے 4 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ دن میں یہ 36 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے امکانات نہیں ہیں۔
کراچی(Karachi) میں مطلع صاف اور موسم مرطوب ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے تاہم حبس کے باعث یہ 31 ڈگری محسوس کیا جا رہا ہے۔ نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ دن کے دوران درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:بریکنگ:اداکارہ کی طبیعت ناساز، آئی سی یو میں منتقل
دوسری جانب جیکب آباد( Jacobabad) میں شدید گرمی کے باعث درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں اور سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


