کوئٹہ (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں مدارس کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے اور ہر محاذ پر بھرپور مزاحمت کریں گے۔
مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے بلوچستان حکومت کے رویے پر شدید ردعمل میں انہوں نے کہا کہ حکمران ہوشیار رہیں ورنہ نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ مدارس کو بند کرنے یا دباؤ میں ڈالنے کا خواب دیکھنے والے سن لیں، یہ کبھی پورا نہیں ہوگا، جمعیت علمائے اسلام دینی مدارس کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں مدارس کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے اور ہر محاذ پر بھرپور مزاحمت کریں گے۔ دینی مدارس ہمارے لیے سرخ لکیر ہیں۔ اگر کسی نے اس سرخ لکیر کو عبور کرنے کی کوشش کی تو اسے سخت اور فیصلہ کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ ہم نے مدارس کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا، آئندہ بھی کسی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت اور انتظامیہ جان بوجھ کر غلط بیانی کا سہارا لے رہی ہے۔ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ چوکس رہیں اور ریاست کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنے سے گریز کریں ورنہ حالات کی تمام تر ذمہ داری ان پر عائد ہوگی۔
