Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

کھنہ پل کے قریب مارکی ڈی سیل کرانے کی جعلی کوشش ناکام، نجی ٹی وی رپورٹر گرفتار

اسلام آباد(اوصاف نیوز)کھنہ پل کے قریب واقع ایک مارکی کو ڈی سیل کرانے کی مبینہ جعلی کوشش ناکام بنا دی گئی، جس میں خود کو سیکیورٹی اہلکار ظاہر کرنے والے افراد اور ایک نجی ٹی وی رپورٹر کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دو افراد مجسٹریٹ آفس اسلام آباد پہنچے اور خود کو آرمی افسران ظاہر کرتے ہوئے ایک سیل شدہ مارکی کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان افراد کا مؤقف تھا کہ مذکورہ مارکی میں قوالی نائٹ کا ایک اہم فنکشن منعقد ہونا ہے، جس کے لیے مارکی کو کھولنا ضروری ہے۔

اسی دوران اسسٹنٹ کمشنر کو ایک غیر ملکی نمبر، مبینہ طور پر سعودی عرب سے، کال موصول ہوئی جس میں کال کرنے والے نے خود کو ریٹائرڈ جنرل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آدمی مجسٹریٹ آفس میں موجود ہیں اور مارکی کو فوری ڈی سیل کیا جائے۔

حکام کو معاملہ مشکوک لگا تو مزید جانچ پڑتال کی گئی، جس کے بعد دفتر آنے والے دونوں افراد کی شناخت جعلی نکلی جبکہ فون کال بھی فیک ثابت ہوئی۔

تحقیقات کے دوران مجسٹریٹ آفس جانے والے افراد میں سے ایک کی شناخت ایک نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کے طور پر ہوئی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔ دیگر ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں:امریکی وزیرِ دفاع کی اہلیہ کے لباس پر سوشل میڈیا پر ہلچل

یہ بھی پڑھیں