لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، فائنل میں رسائی کی راہ ہموار ہو گئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے معز صداقت نے 33 گیندوں پر 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ وکٹ کیپر بلے باز عثمان خان نے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
کنگس مین کے کپتان مارنس لیبوشگن نے 11 رنز بنائے جبکہ صائم ایوب نے 15 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے سٹیو سمتھ اور محمد اسماعیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگز مین کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد نواز 18، صاحبزادہ فرحان 15 اور اسٹیو اسمتھ 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر اور پیٹر سڈل 9، 9 رنز ہی بنا سکے، جوش فلپ 6، فیصل اکرم 4، محمد عمران 2 اور عرفات منہاس ایک رن کے مہمان بنے جب کہ محمد اسماعیل ایک رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدرآباد کنگز کی جانب سے محمد علی، حنین شاہ اور عاکف جاوید نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جب کہ صائم ایوب اور گلین میکسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں:ناصر درانی کی خدمات بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سپرد کر دی گئیں، کئی مزید تقرر اور تبادلے
