اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت پاکستان کی جانب سے شروع کی گئی وزیراعظم اپنا گھر سکیم کم آمدنی والے افراد کو چھت فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے، جس کے تحت شہری آسان شرائط پر قرضے حاصل کر کے اپنا گھر بنا یا خرید سکتے ہیں۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد رہائشی مسائل کو کم کرنا اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اس اسکیم کے لیے درخواست دینے کے خواہشمندوں کے لیے طریقہ کار کو بہت آسان بنا دیا گیا ہے۔ شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے باقاعدہ ایک ویب سائٹ فراہم کی ہے جہاں رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔
درخواست دینے کے لیے شہری اس لنک https://apnaghar.gov.pk/register پر جا کر اپنا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔ سب سے پہلے، صارف کو اپنی بنیادی معلومات جیسے نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس درج کرنا ہوگا۔ اس کے بعد پاس ورڈ ترتیب دے کر رجسٹریشن مکمل ہو جاتی ہے۔
اکاؤنٹ بنانے کے بعد، درخواست دہندہ لاگ ان کرتا ہے اور ایک مکمل درخواست فارم بھرتا ہے، جس میں ذاتی، خاندانی اور مالی تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ آمدنی کا ثبوت، ملازمت کی تفصیلات اور دیگر ضروری دستاویزات کو اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ تمام معلومات کو صحیح اور مکمل طور پر فراہم کرنا بہت ضروری ہے تاکہ درخواست کو مسترد نہ کیا جائے۔
درخواست جمع ہونے کے بعد متعلقہ ادارے اور بینک اس کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس مرحلے پر، درخواست دہندہ کی مالی حیثیت، ادائیگی کی صلاحیت، اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اگر درخواست منظور ہو جاتی ہے، تو شہری کو کم شرح سود پر قرض فراہم کیا جاتا ہے، جو آسان ماہانہ اقساط میں ادا کیا جا سکتا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اسکیم سے نہ صرف شہریوں کو اپنی چھت ملے گی بلکہ تعمیراتی شعبے میں بھی بہتری آئے گی جس سے معیشت کو فائدہ ہوگا اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
ماہرین شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ صرف آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے ہی اپلائی کریں اور کسی بھی غیر تصدیق شدہ ایجنٹ یا دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔ وزیر اعظم کی اپنا گھر اسکیم کو ملک میں طویل عرصے سے رہائش کے مسئلے کو حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:زلزلے کے جھٹکے،مختلف علاقوں میں احساس





