پشاور(نیوز ڈیسک)سرکاری ملازمین ہوشیار رہیں کہ اب خیبرپختونخوا حکومت نے حاضری کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے صوبے کے ہسپتالوں میں حاضری کا نیا نظام، چہرے کی شناخت متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی محکمہ صحت کے افسران اور ایم ایس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ملازمین کی رجسٹریشن اور فیشل ڈیٹا کو فوری طور پر مکمل کریں اور اس ڈیٹا کو ضلعی سطح پر شیئر کریں تاکہ اس پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
صحت کے شعبے کے تمام محکموں میں جدید فیشل اور بائیو میٹرک حاضری کا نظام نافذ کیا جائے گا اور ایک خود مختار مانیٹرنگ یونٹ اس نظام کے نفاذ اور عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔ مانیٹرنگ یونٹ باقاعدگی سے محکمہ صحت کو پیش رفت رپورٹ پیش کرے گا۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چہرے کی شناخت کا نظام صحت کے مراکز میں شفافیت اور حاضری کو یقینی بنائے گا جب کہ ہیلتھ ملازمین کی غیر حاضری میں کمی سے مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ نوٹیفکیشن میں حاضری کے نئے نظام کے نفاذ میں تاخیر یا غفلت برتنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:جاب سیکرز کیلئے سنہری موقع،براہ راست بھرتیاں شروع
