اسلام آباد( نیوز ڈیسک) کاروباری اوقات کار سے متعلق ضلعی انتظامیہ نے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت شہر بھر کی تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز ہفتے کے ساتوں دن رات 8 بجے بند کیے جائیں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلے پہلے سے نافذ احکامات کے تسلسل میں کیے گئے ہیں اور تاحکمِ ثانی ان پر عمل جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے میڈیکل اسٹورز، ہسپتالوں اور لیبارٹریز کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اسی طرح پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، دودھ کی دکانیں، تندور اور بیکریز بھی معمول کے مطابق کھلی رہ سکیں گی تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
نوٹیفکیشن میں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کیلئے رات 10 بجے تک کاروبار کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ رہائشی گھروں اور فارم ہاؤسز میں ہونے والی شادی کی تقریبات پر بھی یہی اوقات لاگو ہوں گے اور تمام سرگرمیاں مقررہ وقت کے اندر ختم کرنا ضروری ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب شہریوں اور تاجروں کی جانب سے اس فیصلے پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ حلقے توانائی بچت اور نظم و ضبط کیلئے ان اقدامات کو ضروری قرار دے رہے ہیں جبکہ کاروباری طبقہ محدود اوقات کی وجہ سے مالی نقصان پر تشویش کا اظہار کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں:نشے میں ڈرائیونگ ،مایہ ناز کرکٹرنے غلطی تسلیم کرلی
