ہنزہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع ہنزہ میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات شدت اختیار کر گئے، ضلعی صدر ریحان شاہ(Rehan Shah) سمیت کابینہ کے دیگر عہدیداروں نے اجتماعی استعفوں کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریحان شاہ نے کہا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم میں مقامی کارکنوں اور قیادت کو نظر انداز کیا گیا، جس کے باعث ضلعی تنظیم نے اجتماعی طور پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنزہ میں پارٹی کے اندر مضبوط امیدوار موجود ہیں اور ان کے پاس پانچ ممکنہ امیدواروں کی حمایت حاصل ہے۔ ریحان شاہ کے مطابق ان امیدواروں میں سے ایک کو میدان میں اتارا جائے گا تاکہ سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جا سکے۔
ضلعی صدر نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے فیصلوں سے نہ صرف مقامی کارکن مایوس ہوئے ہیں بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ناراض رہنما اور کارکن بھی ان سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارے دروازے تمام ناراض سیاسی کارکنوں کے لیے کھلے ہیں۔”
سجل علی کے نئے برائیڈل فوٹو شوٹ نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی
سیاسی مبصرین کے مطابق گلگت بلتستان انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کے اندر سامنے آنے والی یہ ناراضی پارٹی کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب پارٹی قیادت علاقے میں اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ناراض رہنماؤں کو منانے کے لیے رابطے شروع کیے جا سکتے ہیں۔

