دوحہ (انٹرنیشنل نیوز) قطر کے ساحل پر ایک بڑے امریکی تجارتی جہاز پر ایرانی ڈرون حملے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ حملے کی وجہ سے بڑے تجارتی جہاز میں آگ لگ گئی۔ اتوار کو قطر کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز پر میزائل یا ڈرون حملے کی اطلاع ہے۔
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی۔ برطانیہ کے مرچنٹ میرین آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑے تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ واقعے کے فوری بعد ایرانی میڈیا نے بتایا کہ یہ حملہ ایران نے کیا ہے۔
ایران کی فارس نیوز نے اطلاع دی ہے کہ قطر کے ساحل پر جس جہاز کو نشانہ بنایا گیا وہ امریکہ کی ملکیت تھا اور اس وقت امریکی پرچم تلے سفر کر رہا تھا۔
فارس نیوز نے ایک باخبر سرکاری ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ نشانہ بنایا گیا جہاز ایک بلک کیریئر تھا اور اس کا براہ راست تعلق امریکہ سے تھا۔ بعد ازاں، دوحہ میں قطری وزارت دفاع نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ اتوار کی صبح قطری پانیوں میں ایک تجارتی مال بردار جہاز کو ڈرون حملہ کیا گیا۔
قطری حکام کے مطابق تجارتی جہاز ابوظہبی سے آرہا تھا کہ حملے کے باعث جہاز میں آگ لگ گئی۔
قطری وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ جہاز میں لگی آگ پر بروقت قابو پالیا گیا جس کے بعد جہاز نے اپنا سفر دوبارہ شروع کیا اور میسعید پورٹ کی جانب روانہ ہوگیا۔ قطری وزارت دفاع نے واقعے کے بعد ضروری حفاظتی اقدامات کیے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور تعاون جاری رکھا تاہم واقعے میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مزید پڑھیں:سفارتی حل کے لیے تیار، مذاکرات کا مطلب ہرگز ہتھیار ڈالنا نہیں، ایران


