لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب میں شدید گرمی، ہیٹ ویو الرٹ اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ 22 مئی سے 2 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کا امکان زیر بحث ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے حتمی فیصلہ 11 مئی کو کیا جائے گا، تعلیمی نقصانات کو کم کرنے کے لیے سمر کیمپس کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ جزوی طور پر تعلیم جاری رکھ سکیں۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق عیدالاضحی کی ممکنہ تعطیلات 27 سے 29 مئی تک ہونے کا امکان ہے جب کہ 30 اور 31 مئی کی ہفتہ وار تعطیلات طویل وقفے کا باعث بن سکتی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر 27 مئی سے ہی اسکول بند ہونے کا امکان ہے، حالانکہ عام طور پر چھٹیاں یکم جون سے شروع ہوتی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایک ایڈوائزری وارننگ جاری کی ہے کہ مئی سے جولائی کے دوران معمول سے زیادہ درجہ حرارت اور گرمی کی لہر کے خدشات ہیں۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تعطیلات کے نظام کو 180 سے کم کرکے 190 کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
نجی اسکولوں نے بھی حکومت سے سمر کیمپ صبح کے اوقات میں چلانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے، حتمی اعلان موسم کی صورتحال اور متعلقہ فیصلوں کے بعد کیا جائے گا۔
برائلر گوشت کی قیمتیں بڑھ گئیں،نئی ریٹ لسٹ جاری
