اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سی سی پی سے اسلام آباد کے جعلی پتے اور نام استعمال کرنے والی 61 ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ 34 نجی ہاؤسنگ سکیمیں اپنے منصوبوں کے ساتھ اسلام آباد اور کیپٹل جیسے الفاظ استعمال کر رہی ہیں، 27 سوسائٹیاں اسلام آباد کی حدود سے باہر ہونے کے باوجود خود کو اسلام آباد کے مخصوص شعبوں سے وابستہ ظاہر کرتی ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ متعدد ہاؤسنگ پراجیکٹس دراصل راولپنڈی، ٹیکسلا، فتح جنگ، اٹک اور پنجاب کے دیگر ملحقہ علاقوں میں واقع ہیں لیکن اشتہارات میں انہیں اسلام آباد کا حصہ دکھایا گیا ہے تاکہ خریداروں کو یہ تاثر دیا جا سکے کہ یہ منصوبے سی ڈی اے سے منظور شدہ ہیں۔
سی ڈی اے نے واضح کیا کہ اسلام آباد کی حدود سیکٹرز A-17 سے I-17 پر ختم ہوتی ہیں اور ان سے آگے کوئی بھی سیکٹر اسلام آباد کا حصہ نہیں ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسلام آباد کی حدود میں کسی بھی ہاؤسنگ پروجیکٹ کی موجودگی اور اس میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے متعلقہ حکام سے اس کی منظوری کی تصدیق کریں۔
مزید پڑھیں:اجازت کے بغیر میری تصویر کیوں استعمال کی؟گلوکارہ کا سام سنگ کیخلاف 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ





