کوئٹہ(اوصاف نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ایک زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا ریلوے ٹریک کے قریب سے گزرنے والی ایک ٹرین کے پاس ہوا، جس کے فوری بعد ٹریک کے قریبی حصے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی گونج دور دور تک سنی گئی اور اطراف کی عمارتوں کے شیشے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔
اسپتال حکام نے واقعے میں 10 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب معاون خصوصی برائے داخلہ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس واقعہ کی مکمل معلومات حاصل کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے کے بعد صوبائی دارالحکومت میں تمام متعلقہ اداروں اور امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ریسکیو اور سیکیورٹی کے عمل کو فوری طور پر یقینی بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع