Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

200 یونٹ والے صارفین کیلئے بجلی سبسڈی برقرار، وزیر توانائی کا اہم اعلان

بجلی سبسڈی

اسلام آباد: بجلی سبسڈی سے متعلق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے صارفین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو دی جانے والی سبسڈی جاری رہے گی اور اسے ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ حکومت کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق 200 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے اور اس پالیسی سے لاکھوں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر میں ایسے صارفین کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی حاصل کرنے والے صارفین کے بجلی بلوں پر کیو آر کوڈ بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ معلومات تک رسائی کو مزید آسان بنایا جا سکے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کی جانب سے محفوظ صارفین کی بجلی سبسڈی ختم کیے جانے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ حکومت مستحق اور کم آمدنی والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ گھریلو صارفین کے بلوں میں اوسطاً 16 فیصد جبکہ محفوظ صارفین کے بلوں میں 32 فیصد تک کمی لائی گئی ہے۔

وزیر توانائی کے مطابق حکومت زرعی اور گھریلو صارفین کو مجموعی طور پر 527 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں گردشی قرضے میں 780 ارب روپے کی کمی اور آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کے باعث 3500 ارب روپے کی بچت بھی ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بجلی کے بلوں پر نئے ٹیکس عائد کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں اور حکومت عوام کو مزید ریلیف دینے کے مختلف اقدامات پر کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں