Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

انمول پنکی کیس: کراچی میں چپس کے پیکٹوں کے ذریعے منشیات کی ترسیل کا انکشاف

انمول پنکی کیس

کراچی: انمول پنکی کیس میں تحقیقات کے دوران منشیات کی مبینہ ترسیل کے نئے اور حیران کن طریقوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے باوجود منشیات فروشی سے جڑے بعض عناصر اب بھی متحرک ہیں اور مختلف طریقوں سے اپنا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔

پولیس اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران رواں ماہ انمول عرف پنکی کو کراچی کے علاقے گارڈن میں واقع ایک فلیٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج ہیں۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ منشیات سپلائی کرنے والے عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے نئے طریقے اختیار کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں کوکین کو بچوں کے چپس اور پاپڑ کے پیکٹوں میں چھپا کر مختلف مقامات تک پہنچایا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گھروں، بنگلوں اور بعض ریسٹورنٹس تک بھی مبینہ طور پر منشیات انہی پیکٹوں کے ذریعے پہنچائی جا رہی ہیں۔ اس مقصد کے لیے آن لائن ادائیگیوں اور ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انمول پنکی کیس سے منسلک بعض افراد صارفین کو نئے بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقے فراہم کر رہے ہیں تاکہ لین دین خفیہ رکھا جا سکے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق منشیات فروشی کے اس مبینہ نیٹ ورک کے خلاف مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں