ممبئی: بالی ووڈ کے معروف گلوکار میکا سنگھ نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے انہیں اپنی اہلیہ گوری خان کے ساتھ کام شروع کرنے سے قبل مزاحیہ انداز میں خبردار کیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں میکا سنگھ نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنے گھر کی انٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے گوری خان کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ کیا تو انہوں نے اس حوالے سے شاہ رخ خان سے بات کی۔ گلوکار کے مطابق شاہ رخ خان نے ہنستے ہوئے کہا تھا کہ “یہ تمہیں بہت مہنگی پڑیں گی”، جس پر سب نے خوب لطف اٹھایا۔
میکا سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ خان سے درخواست کی تھی کہ وہ گوری خان سے ان کے گھر کے ڈیزائن کے حوالے سے بات کریں۔ بعد ازاں جب ان کی ملاقات گوری خان سے ہوئی تو انہوں نے ایک شرط رکھی کہ گھر کے ڈیزائن کے دوران ان کے انتخاب پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جائے گا۔
گلوکار کے مطابق گوری خان نے ان کے گھر کے منصوبے پر تقریباً دو سال تک کام کیا اور مکمل توجہ کے ساتھ اسے پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ انہوں نے گوری خان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کی بھی تعریف کی۔
انٹرویو کے دوران میکا سنگھ نے اپنی زندگی کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ وہ اتنی کامیابیاں حاصل کریں گے اور متعدد جائیدادوں کے مالک بن جائیں گے۔ ان کے مطابق ان کی پہلی کمائی صرف 75 بھارتی روپے تھی، لیکن اس وقت بھی وہ اس رقم پر بے حد خوش تھے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانی میں مختلف مذہبی تقریبات میں پرفارم کیا اور اپنے بڑے بھائی کی رہنمائی سے موسیقی کے میدان میں آگے بڑھے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت، لگن اور صلاحیت انسان کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ میکا سنگھ بالی ووڈ کے معروف پلے بیک گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے متعدد گانے آج بھی مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔

