Search
Close this search box.
پیر ,15 جون ,2026ء

محرم کا چاند متحدہ عرب امارات میں دن کے وقت نظر آگیا

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں نئے ہجری سال کے آغاز پر محرم کا چاند دن کی روشنی میں دیکھے جانے کی تصدیق کردی گئی ہے، جس کے بعد فلکیاتی ماہرین اور عوام میں دلچسپی کی نئی لہر دوڑ گئی۔

اماراتی فلکیاتی مرکز کے مطابق محرم کا چاند پیر کے روز دن کے وقت ابوظہبی میں واقع ختم فلکیاتی رصدگاہ سے دیکھا گیا۔ رصدگاہ کی جانب سے جاری کردہ تصویر میں نو مولود ہلال واضح طور پر دکھائی دیا، جسے جدید فلکیاتی آلات کی مدد سے ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق چاند کی تصویر صبح تقریباً 11 بجے حاصل کی گئی۔ اس وقت چاند کی عمر پانچ گھنٹے سے زائد تھی جبکہ وہ سورج سے چند درجے کے فاصلے پر موجود تھا۔ فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت دن کے وقت بھی ایسے باریک ہلال کو دیکھا اور ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

نئے اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں سرکاری تعطیل بھی منائی گئی۔ حکومت کی جانب سے تعطیل کے اعلان کے باعث شہریوں اور رہائشیوں کو طویل ویک اینڈ کا موقع ملا، جبکہ مختلف شہروں میں عوام نے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے اور تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

دوسری جانب دبئی میں سرکاری تعطیل کے موقع پر عوامی پارکنگ بھی مفت رکھی گئی، جس سے شہریوں کو اضافی سہولت حاصل ہوئی۔ ماہرین کے مطابق ہجری کیلنڈر قمری نظام پر مبنی ہے اور ہر نئے مہینے کا آغاز چاند کی رویت سے کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں