Search
Close this search box.
جمعرات ,18 جون ,2026ء

خام تیل کی قیمتوں میں کمی، پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کی توقع

نیویارک: خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی منڈی میں تیل مزید سستا ہونے کے بعد پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقع پیدا ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد عالمی توانائی مارکیٹ میں مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ اسی پیش رفت کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 3 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 74.68 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے جبکہ برینٹ کروڈ آئل 77.68 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی کم ہونے اور سپلائی سے متعلق خدشات میں کمی کے باعث تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ جنگی صورتحال سے قبل عالمی مارکیٹ میں تیل تقریباً 73 ڈالر فی بیرل تھا، تاہم کشیدگی کے دوران یہ قیمت بڑھ کر 126 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر صارفین کو دیا جائے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے شفاف نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے جبکہ ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں