Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

گلگت بلتستان اسمبلی کے 30 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

گلگت بلتستان(نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان اسمبلی کے 30 نومنتخب ارکان نے پیر کے روز اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، جس کے بعد نئی اسمبلی کی آئینی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

حلف برداری کی تقریب میں اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ تقریب کے دوران اسپیکر نے تمام ارکان کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔

حلف اٹھانے والے ارکان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 13، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 9، استحکام پاکستان پارٹی کے 6 اور مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے ایک رکن شامل تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ایک آزاد رکن نے بھی اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا۔حلف برداری کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

آئندہ اجلاس میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے کارروائی متوقع ہے، جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا عمل مزید آگے بڑھے گا۔دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی کی تین نشستوں پر انتخابی نتائج کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا جا سکا۔ حکام کے مطابق متعلقہ حلقوں سے متعلق عدالتی احکامات کے باعث ان نتائج کا اعلان مؤخر ہے، جس کے باعث ان نشستوں پر نمائندگی کا مرحلہ ابھی مکمل نہیں ہو سکا۔سیاسی حلقوں کی نظریں اب اسمبلی کے آئندہ اجلاس پر مرکوز ہیں، جہاں ایوان کی اہم آئینی اور پارلیمانی ذمہ داریوں کے لیے نئی قیادت کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

مزید پڑھیں۔مہنگائی کا نیا وار: ایل پی جی 500 روپے فی کلو تک جا پہنچی، شہری پریشان

یہ بھی پڑھیں