Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

حج 2027 رجسٹریشن کا آغاز، سرکاری اور نجی اسکیموں کے اہم قواعد جاری

اسلام آباد: حج 2027 رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور وزارت مذہبی امور نے سرکاری و نجی حج اسکیموں سے متعلق اہم تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔ حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد آج سے اپنی رجسٹریشن مکمل کروا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2027 رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج نظام کو مزید جدید اور ڈیجیٹل بنایا گیا ہے تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت اور آسانی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد نئے اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حج 2027 کے لیے رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی اور کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ رجسٹریشن ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر ہوگی جبکہ سرکاری اور نجی دونوں اسکیموں میں شمولیت کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حج درخواست جمع کروانے کے لیے کارآمد پاسپورٹ ضروری ہوگا اور پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 26 نومبر 2027 تک ہونی چاہیے۔ خاندان کے افراد مشترکہ رجسٹریشن بھی کرا سکیں گے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا کے کسی بھی ملک سے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق رجسٹریشن ملک بھر کے نامزد بینکوں کے ذریعے کروائی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ آن لائن سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ شہری گھر بیٹھے آسانی سے اپنا اندراج مکمل کر سکیں۔

سردار محمد یوسف نے حج 2026 کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عازمین کی جانب سے شکایات کی شرح انتہائی کم رہی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال حج کے بعد بچ جانے والی کچھ رقم عازمین کو واپس کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی مسلم آبادی کے پیش نظر سعودی حکام سے حج کوٹہ بڑھانے کے لیے مسلسل رابطے جاری ہیں اور پاکستان کے لیے مزید کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں