Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

گلگت بلتستان حکومت سازی: بلاول بھٹو کی دعوت پر آئی پی پی کا پیپلز پارٹی سے تعاون کا اعلان

اسلام آباد: گلگت بلتستان حکومت سازی کے حوالے سے اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ عبدالعلیم خان کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے عبدالعلیم خان کو گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی، جسے آئی پی پی کی جانب سے مثبت انداز میں قبول کر لیا گیا۔ رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

عبدالعلیم خان نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ استحکام پاکستان پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ، اسپیکر اور دیگر اہم آئینی عہدوں کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی مکمل حمایت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ ایک مضبوط اور مستحکم حکومت قائم کی جا سکے۔

عبدالعلیم خان نے گفتگو کو خوشگوار اور مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں سیاسی تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

سیاسی حلقے اس پیش رفت کو گلگت بلتستان حکومت سازی کے عمل میں ایک اہم موڑ قرار دے رہے ہیں، جس کے بعد پیپلز پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں