لاہور(نیوز ڈیسک) محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے نویں اور دسویں محرم کو عوامی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے میٹرو بس، الیکٹرک بس اور سپیڈو بس سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس فیصلے کا مقصد جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں چلنے والی تمام متعلقہ بس سروسز 9 اور 10 محرم کے دوران بند رہیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بس سروسز کی معطلی کا فیصلہ سیکیورٹی اداروں کی سفارشات اور حساس صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے سخت ترین سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
اہم شہروں میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ حساس مقامات کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جلوسوں کے راستوں پر چیکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل دینے والی ٹیمیں بھی الرٹ رہیں گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور متبادل سفری انتظامات پہلے سے کر لیں۔
مزید پڑھیں۔پاکستانی کرکٹرز کو پاور ہٹنگ ٹریننگ کیلئے امریکا بھیجنے پر غور


