ٹنڈو محمد خان(نیوز ڈیسک) سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں بلڑی شاہ کریم کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب غلام نبی مگسی اپنی اہلیہ کے ہمراہ کار میں سفر کر رہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں دعا مگسی موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ غلام نبی مگسی شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے، جہاں وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
واقعے میں ایک اور خاتون کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومار میمن پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا، جبکہ مزید شواہد اور بیانات کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
مزید پڑھیں۔حکومت نے ڈیزل اور پیٹرول پر لیوی میں اضافہ کردیا




