حج 2027 رجسٹریشن کے لیے آن لائن درخواستوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، جہاں صرف پانچ دن کے دوران ملک بھر سے ایک لاکھ 7 ہزار 587 افراد نے کامیابی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق رجسٹریشن کا عمل “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر بلا تعطل جاری ہے اور شہری گھر بیٹھے آسانی سے اپنا اندراج کرا رہے ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی پانچ روز میں رجسٹرڈ ہونے والے درخواست گزاروں میں 85 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 22 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔ رجسٹریشن کا عمل آئندہ چند روز تک جاری رہے گا، جس کے بعد اگلے مرحلے میں حج اخراجات اور دیگر تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
اعداد و شمار کے مطابق 56 ہزار افراد نے لانگ حج پیکیج کو ترجیح دی ہے، جبکہ 51 ہزار درخواست گزاروں نے شارٹ حج پیکیج کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔ رجسٹرڈ افراد میں 63 ہزار مرد اور 44 ہزار خواتین شامل ہیں، جو ملک بھر سے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
صوبائی سطح پر پنجاب سب سے آگے ہے جہاں 51 ہزار افراد نے حج 2027 رجسٹریشن مکمل کی۔ سندھ سے 33 ہزار، خیبرپختونخوا سے 15 ہزار، اسلام آباد سے 5 ہزار 500، بلوچستان سے 2 ہزار، آزاد کشمیر سے 600 جبکہ گلگت بلتستان سے بھی ابتدائی رجسٹریشن موصول ہوئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ آئندہ مراحل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جدید آن لائن نظام کے باعث رجسٹریشن کا عمل پہلے کی نسبت زیادہ شفاف، تیز اور آسان بنایا گیا ہے۔

