گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران مہنگائی تیزی سے کم ہو کر مارچ 2024 میں 20.7 فیصد کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جو مئی 2023 میں 38 فیصد کی بلند ترین سطح پر تھی۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی بہتر معاشی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ بیرونی شعبہ بھی مستحکم ہوا ہے جس کی عکاسی جولائی۔ فروری مالی سال 2024 میں ہوئی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تیزی سے کم ہو کر 1 بلین ڈالر ہو گیا جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 3.8 بلین ڈالر تھا۔
مزید پڑھیں : صرف 11 فیصد پاکستانی ٹیکس چوری کے حامی ، گیلپ سروے جاری
ترجمان کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے موسم بہار کے اجلاس کے موقع پر جے پی مورگن، سٹی بینک اور جیفریز سمیت اعلیٰ عالمی بینکوں اور مالیاتی فرموں کی جانب سے منعقدہ کئی تقریبات میں شرکت کی۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی۔
گورنر سٹیٹ بنک نے شرکاء کو موافق مانیٹری پالیسی، مناسب مالیاتی انضمام اور اہم ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے آغاز کے نتیجے میں گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری کے بارے میں آگاہ کیا۔
جمیل احمد نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح تیزی سے کم ہو کر مارچ 2024 میں دو سال کی کم ترین سطح 20.7 فیصد تک پہنچ گئی جو مئی 2023 میں 38 فیصد کی بلند سطح پر تھی۔
