کراچی: محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ملک میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا ایک اور سلسلہ 25 اپریل سے پاکستان میں داخل ہوگا، یہ سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ نئے سسٹم کے تحت کراچی میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کا سسٹم کراچی سے نکل گیا ہے اور اب بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر میں گرمی بڑھے گی۔ .
مزید پڑھیں: مردان،طوفانی بارشوں کیوجہ سے چھتیں گرنے سے 4 افراد جاں بحق
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 25 سے 29 اپریل تک بلوچستان، کے پی، جی بی، کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کاشتکار گندم کی کٹائی کے لیے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے معمولات بنائیں، آسمانی بجلی گرنے کے دوران سائیکل، موٹر سائیکل یا بغیر چھت والی گاڑیوں پر سفر نہ کریں اور بلند عمارتوں، درختوں، کھمبوں، موبائل ٹاور سے دور رہیں۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے شیرکیچ، قلات، خضدار میں سیلابی صورتحال متوقع ہے جب کہ کے پی میں 21 اپریل تک دیر، مالاکنڈ، صوابی، کوہستان میں سیلاب کا امکان ہے۔ .

