ضمنی انتخابات 2024 کے لیے لاہور سمیت پنجاب کے 13 اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے لیے وزارت داخلہ کو خط ارسال کر دیا ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے روز 13 اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھی جائے۔
حکام کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، قصور، تلہ گنگ، کلرکہار، گجرات، علی پورچھٹہ، ظفروال، بھکر، صادق آباد اور ڈی جی خان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے موبائل انٹرنیٹ سروس بند رکھی جائے۔
مزید پڑھیں: اہم تقرریوں میں 65 سال کی عمر کی حد ختم، 20 لاکھ تنخواہ پر بھرتی کی راہ ہموار
خط کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، چیئرمین پی ٹی اے کو بھی ارسال کر دی گئی ہے جبکہ خط سی سی پی او لاہور کے متعلقہ کمشنر اور دیگر افسران کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے ریٹنگ افسران، پریذائیڈنگ افسران اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی تربیت بھی گزشتہ روز مکمل کر لی گئی۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 21 اپریل کو ہوگی۔




