شیخوپورہ(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک عمر رسیدہ شخص کو پولیس اہلکار مبینہ طور پر مرغا بناتے ہیں جس پر طیش میں آ کر بیٹے نے ان پولیس اہلکاروں کا قتل کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ پنجاب کے شہر شیخو پورہ کا ہے۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کسی کا کہنا ہے کہ بیٹے نے پولیس اہلکاروں کا قتل کر کے بالکل درست اقدام کیا جبکہ کئی صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے تھا بلکہ اس معاملے کو احسن طریقے سے حل کیا جا سکتا تھا۔
مزیدپڑھیں :ہم نے اپنے ہاتھوں سے آقا بنائے، یہ پارلیمان عوام کی نمائندہ نہیں، مولانا فضل الرحمان
ایک صارف نے سوال کیا کہ باپ کو مرغا بنا دیا تو بیٹے نے دو پولیس والوں کو قتل کر دیا۔ کیا اس نوجوان نے یہ فیصلہ صحیح کیا؟ ساتھ ہی انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں نوجوان کا اقدام بالکل درست تھا کیونکہ ہر باپ اپنے بچوں کا ہیرو ہوتا ہے اور اس کی تدلیل کرنے والوں کے ساتھ یہی سلوک کرنا چاہیے۔
اطہر سلیم لکھتے ہیں کہ دو دن پہلے ایک افسوسناک واقعہ سنا تھا کہ باپ کو مرغا بنانے پر بیٹے نے دو پولیس والوں کو قتل کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ کسی کی جان لینے کا اختیار کسی کو نہیں ہے۔ اس معاملے کو احسن طریقے سے حل کیا جاسکتا تھا۔
صحافی عمران ریاض خان نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔
چند صارفین کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اپریل 2020 کا ہے جو ایک بار پھر وائرل ہو رہا ہے۔
زوہا خان لکھتی ہیں کہ ایک غیرت مند بیٹے کو ایسا ہی کرنا چاہیے تھا کسی کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی کی تذلیل کرے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی اور اس کے رسول ﷺ کے بعد اگر کوئی بڑا رتبہ ہے تو وہ والدین کا ہوتا ہے۔ اگر میں بھی ہوتی اس لڑکے کی جگہ تو شاید میں بھی ایسا ہی کرتی۔
