اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کے حوالے سے پی ٹی آئی کے بانی کا بیان آیا، ‘خدا کرے عمران خان اپنے بیان پر قائم رہیں’۔اے پی سی بلانے پر اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے آپریشن عزم استحکام پر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کانفرنس میں صرف حکومتی مؤقف سننے کے لیے شرکت کریں گے، یہ قومی اتحاد کامسئلہ ہے۔ ملک کی خاطر حصہ لیں گے۔
جمعے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے ٹیکس پر بھی بات کی، انہوں نے کہا کہ ملک میں 45 لاکھ لوگ ٹیکس نہیں دے رہے، نان فائلرز، ٹیکس چوروں اور دیگر کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ تاجکستان انتہائی کامیاب رہا، کراچی پورٹ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے پر بھی بات ہوئی، پاکستان اور تاجکستان کی شرکت کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے، بندرگاہوں کا کردار اہم ہے۔ تجارت بڑھانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے قازقستان میں بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں، زراعت، کان کنی سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ روس اور پاکستان کے درمیان تجارت بھی بڑھے گی، وزیراعظم کی پالیسیوں سے بہت فائدہ ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے فلسطین پر دو ٹوک موقف اختیار کیا، شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، فلسطین کے 20 لاکھ لوگ ہجرت پر مجبور ہیں، پاکستان آزاد فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔
200 مزیدپڑھیں :یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فری سولر دینے کااعلان،زائد یونٹس والے صارفین کو بھیخوشخبری سنادی
