پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اداروں سے درخواست ہے کہ نیوٹرل ہوجائیں ، صوبے کی تمام ضروریات کو پورا کریں گے،وفاقی حکومت سے پیسہ نکلواکررہوں گا ۔
ہفتہ کومردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس کے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، بہت سارے پراجیکٹ ہماری حکومت میں شروع ہوئے، تاخیر کی وجہ سے وہ پراجیکٹ مکمل نہ ہوسکے ، فیصلہ کیا ہے پہلے تمام پراجیکٹ کو مکمل کیا جائے پھر نئے پراجیکٹ شروع کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے600 پراجیکٹ ہیں جو ہم مکمل کرنے جارہے ہیں، ہم نے مل کر بہت سی چیزوں کا سامنا کرنا ہے ، بنیادی کاموں پر فوکس کرکے عوام کے مسائل کو حل کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کاکہناتھا کہ ہمیں اپنے اندر برداشت پیدا کرنی ہے، پولیس میں ہمارا یا آپ کا بھائی ہے، ٹریفک پولیس سے درخواست ہے غریب کا چالان مت کریں،بڑی گاڑی رکھنے والے کو زیادہ چالان ہونا چاہیے.
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر کوئی پولیس والا تلاشی لیتا ہے تو وہ آپ کیلئے لے رہا ہے، ہمارے پاس روڈ بڑے ہیں لیکن قانون پر عمل نہ کرنے سے ٹریفک کا نظام خراب رہتا ہے، قانون کی پابندی آئین کے مطابق سب کا فرض ہے ۔
انہو ں نے کہاکہ دہشتگردی کے باوجود پولیس کے جوان بہترین کام کررہے ہیں، شہدا کے پیکج کے حوالے سے معاملات اسمبلی میں پیش کریں گے۔وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ آئی جی کے پی نے جب بھی ہم سے مدد مانگی ہم نے کی، پولیو ورکرز،پولیس ،اساتذہ کے شہدا کو پلاٹ دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی، ایپکس کمیٹی میں سب کی موجودگی میں فیصلے ہوئے، ہمارے دور میں پٹرول کی قیمت بہت کم تھی، معاشی حوالے سے ملک کے حالات اچھے نہیں ، ہمارا بجٹ ٹیکس فری اور فلاحی ہے ، غریب آدمی کیلئے منصوبے لارہے ہیں ۔وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ایک لاکھ لوگوں کو سولر سسٹم فراہم کررہے ہیں، 50ہزار افراد کو فری سولر سسٹم دیں گے ، یونیورسٹی وہاں بننے کی ضرورت ہے جہاں ضرورت زیادہ ہے۔
مزیدپڑھیں :تحریک انصاف نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی
