لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی، درخواست شہری منیر احمد کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور مختلف سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا تھا۔ اس حوالے سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر جسٹس سلطان تنویر احمد نے ریمارکس دیئے کہ یہ موجودہ درخواست سپریم کورٹ کے فیصلے کی تشریح سے متعلق ہے۔ میں لاہور ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ پر دستیاب نہیں ہوں، اس لیے کیس کی فائل آج قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھیج رہا ہوں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایکٹ میں مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی کوشش کی گئی۔ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کا اطلاق سابقہ طور پر نہیں کیا جا سکتا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کو غیر آئینی قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک تحریک انصاف کے علاوہ کسی بھی جماعت کو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے سے روکا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید ضمانت منظور، گرفتاری سے روک دیا گیا

