واشنگٹن (رضوان عباسی) اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (OPF) کے چیئرمین سید قمر شاہ نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے انقلابی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے صحت، تعلیم، اور ہاؤسنگ سوسائٹیز سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کی ترجیح کا ذکر کیا۔
ورجینیا میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، سید قمر شاہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلباء کے لیے پاکستان کے مطالعاتی دورے کرائے جائیں گے تاکہ وہ اپنی ثقافت اور تاریخ سے واقف ہو سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دو سو باکردار اوورسیز پاکستانیوں پر مشتمل ایک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیا جائے گا جو حکومت کے ساتھ مشاورت میں شریک ہوگا۔
اس کے علاوہ، دسمبر میں ایک عظیم اوورسیز کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف شرکت کریں گے۔ سید قمر شاہ نے یہ بھی واضح کیا کہ او پی ایف اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور عوام کو چھ ماہ کے اندر کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا۔
تقریب میں واشنگٹن اور ورجینیا کے اوورسیز پاکستانیوں، معروف صحافیوں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سید قمر شاہ نے کہا کہ انہیں اوورسیز پاکستانیوں سے کسی مالی امداد کی ضرورت نہیں، بلکہ ان کی اخلاقی حمایت درکار ہے تاکہ مسائل کو بہتر طریقے سے حل کیا جا سکے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ان کی مشاورت سے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
ہم ٹی وی ایوارڈز جیتنے والوں کی مکمل فہرست ،دیکھیں


