لاہور (نیوزڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک پولیس نے گاڑی ڈرائیور کو 103 بار ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے پر 44 ہزار 500 روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 100 سے زائدمرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالی گاڑی بالآخر پولیس کے ہتھے چڑھ ہی گئی ،گاڑی کے ڈرائیور پر پر 44 ہزار 500 روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
لاہور میں ’ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی سنچری‘ بنانے پر ٹریفک پولیس نے کار مالک کو 44 ہزار 500 روپے کا چلان تھما دیا۔لاہور ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈن نے گاڑی کے مالک کو شہر کی مختلف سڑکوں پر گاڑی چلاتے ہوئے 103 خلاف ورزیوں کی تصاویر دکھائیں توانہوں نے موقع پر ہی جرمانہ ادا کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو بتایا گیا کہ اس نے 61 بار ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی، 35 بار لین کی خلاف ورزی کی۔ان کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور ایک طالب علم ہے جس نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کے علاوہ 6 بار تیز رفتاری سے گاڑی بھی چلائی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں دی مال، جیل روڈ، مین بلیوارڈ، گلبرگ، فیروز پور روڈ اور وحدت روڈ پر ڈرائیور کی جانب سے کی گئیں، لیکن اس نے ای چالان جاری ہونے کے باوجود جرمانے کی ادائیگی کی کبھی زحمت نہیں کی۔

