Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے بائیکاٹ پر عمران خان کا مؤقف آگیا

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیل میں ملاقاتوں، سہولیات کی بندش اور حکومتی رویے پر سخت اعتراضات اٹھائے۔ علیمہ خان نے کہا کہ مینوئیل کے مطابق بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو آدھا آدھا گھنٹہ فیملیز اور پھر آپس میں ملاقات کرنی چاہیئے، یہ مجموعی طور پر ڈیڑھ گھنٹہ کی ملاقات بنتی ہے لیکن کرائی 30 منٹ جاتی ہے، ہم نے احتجاجاً آج ملاقات 45 منٹ تک کی۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے بتایا کہ انہیں اخبار نہیں مل رہا اور ٹی وی بھی بند ہے، وہ بے خبر تھے، ہم نے انہیں اے پی سی کے بارے میں بتایا تو بولے اسی لئے میرا اخبار اور ٹی وی بند کیا گیا۔

علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری اجازت بغیر پارٹی والے اس اے پی سی میں شرکت نہیں کر سکتے۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ بچوں سے بھی ان کی فون پر بات نہیں کروائی گئی، نہ ان کے ذاتی معالج سے ان کا طبی معائنہ کروایا گیا، عدالت سے اجازت لے رکھی ہے کہ ڈاکٹر ثمینہ نیازی سے بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا طبی معائنہ کروایا جائے، یہ ہر طریقے سے تنگ کر رہے ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ مشرف نے جب نواز شریف کو جیل میں ڈالا تو کلثوم نواز کو جیل میں نہیں ڈالا تھا، لیکن بانی پی ٹٰ آئی کے ساتھ اہلیہ کو جیل میں رکھا تاکہ ان پر دباؤ پڑ سکے۔علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ ملک کی یونٹی، آزادی، قانون کی حکمرانی اور ظلم کے خلاف کھڑا ہوں، اگر یہ ان چیزوں کے لئے مجھے جیل میں رکھیں گے تو میں تیار ہوں، اگر یہ سمجھتے ہیں ان کے ان حربوں سے میں ٹوٹ جاؤں گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، یہ جو مرضی کرلیں میں اپنے اصول سے نہیں ہٹوں گا۔

علیمہ خان نے کہا کہ انیوں نے کیسز التواء میں رکھے، ملاقاتوں پر پابندی لگا رہے ہیں، اس وقت پاکستان میں کوئی قانون کام نہیں کر رہا ہے ، کس کی مرضی چل رہی ہے یہ آپ کو اور ہمیں پتہ ہے، سب کو پتہ ہے پاکستان بدل چکا ہے، ہم مضبوط کھڑے ہیں، ہم کبھی اللہ سے ناامید نہیں ہوئے، پاکستانیوں کو ملک اور اس کی سالمیت کے دعا کرنی چاہیئے۔

علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی میری اجازت سے قومی سلامتی کمیٹی میں جائے گی، گراف نکال کر دیکھیں دہشت گردی 2021 تک کم ہو گئی تھی اور 2022 میں پھر بڑھنا شروع ہوئی۔علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا افغانستان ہمارا دشمن نہیں ہے، آپ اسے دشمن بنانے کی کوشش نہ کریں، آپ کیوں بلاوجہ مسلمان بھائیوں سے لڑائی مول لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں