ڈاکٹر یاسمین راشد کی دو جبکہ عمر سرفراز چیمہ کی 4مقدمات میں بعداز گرفتاری ضمانت پر سماعت 16جون تک ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں 9مئی مقدمات میں گرفتاری ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی،انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی،پراسکیوشن کے دو گواہان نے ملزمان کیخلاف شہادت قلمبند کرائی،فریقین نے ضمانت پر دلائل کیلئے مہلت طلب کی،عدالت نے آئندہ سماعت پر ضمانت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔
دوران سماعت شور ڈالنے پر عدالت کی جانب سے سابق گورنر عمر چیمہ کی سرزنش کی گئی، عدالت نے تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ ایسی حرکت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈاکٹریاسمین راشد کی بعد از گرفتاری ضمانت پر سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی گئی جبکہ دوسرے مقدمہ میں 14 جون کو فریقین دلائل مکمل کریں گے ،عدالت نے پراسیکیوشن سے بھی ضمانت پر دلائل طلب کر لئے۔تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں جیل ٹرائل کی کاروائی 16 جون دیگر تین مقدمات کی سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی گئی۔


