اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے بجلی کے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں میں شامل صوبائی “الیکٹریسٹی ڈیوٹی” ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے اس سلسلے میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خط ارسال کر دیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز اور مختلف ڈیوٹیوں سے صارفین الجھن اور مالی بوجھ کا شکار ہیں، اس لیے بجلی کے بل کو سادہ اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ حکومت بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جس میں آئی پی پیز (نجی بجلی گھر) کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی اور سرکاری پاور پلانٹس کے منافع (ROE) کو کم کرنے پر کام شامل ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ بجلی کا بل صرف اصل بجلی کے خرچ کو ظاہر کرے اور صارفین صرف وہی ادائیگی کریں جو بجلی کے استعمال کی ہو نہ کہ مختلف مدوں میں چھپے اضافی چارجز۔
اویس لغاری نے صوبوں سے مطالبہ کیا کہ وہ الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی کے لیے متبادل اور شفاف ذرائع تجویز کریں، تاکہ عوام پر بلاجواز بوجھ نہ ڈالا جائے۔

