اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے ڈاکٹر محمد رحیم اعوان کی بطور رکن نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈاکٹر محمد رحیم اعوان کو ملک میں قانون و انصاف کے شعبے میں نمایاں تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان کے تحت قائم قانون و انصاف کمیشن کے سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ حکومتِ پاکستان کی لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی میں بطور ڈائریکٹر جنرل بھی اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر اعوان تعلیمی و تحقیقی اداروں سے بھی وابستہ رہے ہیں اور صدرِ پاکستان کی نامزدگی پر کامسیٹس یونیورسٹی کی سینیٹ کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔




