اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم پیشرفت، اب کسی دوسرے ملک کی شہریت لینے پر پاکستانی شہریت ختم نہیں ہوگی۔ پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا جس کا مقصد دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو مکمل شہریت کے حقوق بحال کرنا ہے۔ یہ بل وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طلال چوہدری نے پیش کیا تھا اور اسے مزید کارروائی کے لیے قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت نے ان ممالک سے معاہدے کیے ہیں جہاں دوہری شہریت کو تسلیم کیا گیا ہے، قانون سازی کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ قانون سازی اس لیے کی جا رہی ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے شہریت کے حقوق سے محروم ہونے سے بچایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس کے اجراء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمام قانونی معاملات کا فیصلہ آرڈیننس کی بجائے پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے۔
مزیدپڑھیں:اسٹار لنک کے بعد کئی چینی کمپنیاں بھی پاکستان آنے کو تیار

