کراچی(نیوز ڈیسک) عباسی شہید اسپتال میں لفٹ گرنے کے خوفناک واقعے میں میئر کراچی اور مختلف چینلز کے صحافی بال بال بچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں لفٹ گرنے کے واقعے نے خوفناک صورتحال پیدا کر دی، اسپتال کی لفٹ تیسری منزل سے پہلی منزل تک گر گئی، تاہم خوش قسمتی سے اس میں سوار صحافی، کیمرہ مین اور دیگر افراد محفوظ رہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ لفٹ کچھ لمحے کے لیے اٹک گئی تھی، جس کی وجہ سے بڑی تباہی سے بچاؤ ممکن ہوا۔
لفٹ میں مختلف نجی چینلز کے کیمرہ مین، ایک خاتون صحافی اور دیگر افراد سوار تھے، جنہیں بعد ازاں لٹکی ہوئی لفٹ کا دروازہ کھول کر بحفاظت باہر نکالا گیا۔
واقعے سے متعلق ایک دلچسپ اتفاق یہ بھی سامنے آیا کہ لفٹ گرنے سے چند لمحے قبل ہی میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اسی لفٹ کے ذریعے نیچے اترے تھے۔
یاد رہے کہ رواں سال 25 فروری کو بھی اسی اسپتال میں اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا تھا ، جب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ اور دیگر حکام ہیموفیلیا سوسائٹی ٹریٹمنٹ سینٹر کے افتتاح کے لیے اسی لفٹ کا استعمال کر رہے تھے۔
اس موقع پر بھی لفٹ گرنے کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، جس میں متعدد افراد بال بال بچ گئے تھے۔
مزیدپڑھیں:پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان


