کراچی (اوصاف نیوز) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کی کوثر نیازی کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شدید مالی مشکلات اور قرضوں میں جکڑے ایک شخص نے اپنی دو کمسن بیٹیوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت اکبر ولد عبدالستار کے نام سے ہوئی ہے، جسے فوری کارروائی کے دوران گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم طویل عرصے سے بیروزگار تھا اور مختلف کمیٹیوں کے قرضوں میں بری طرح جکڑا ہوا تھا۔ قرض خواہ مسلسل رقم کی واپسی کا تقاضا کر رہے تھے، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا۔
گرفتار ملزم اکبر کی کل 6 اولادیں ہیں، جن میں 5 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔ قتل کی گئی بچیوں کی شناخت زینب (10 سال) اورعالیہ (11 سال)کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں بچیوں کو گلے کاٹ کر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے، اور مزید تفصیلات پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ملزم کے مکمل بیان کے بعد سامنے آئیں گی۔
علاقے میں اس واقعے کے بعد شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مالی دباؤ اور ذہنی امراض کے شکار افراد کے لیے فوری نفسیاتی امداد اور سماجی تحفظ کے اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: کینیڈا :مسجد کے بانی رکن کی موت کا ذمہ دار کون؟


